حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برسی رہبرِ کبیر سید روح اللہ موسوی خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی مناسبت سے مرکزی جامع مسجد سکردو میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ریجن کی جانب سے ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان افکار خمینی (رح) منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام سمیت شہر بھر سے مؤمنین نے بھرپور شرکت کی۔
مرکزی جامع مسجد سکردو میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ریجن کے زیر اہتمام منعقدہ افکار خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کانفرنس سے امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری اور صدر انجمنِ امامیہ بلتستان و نائب امام جمعہ آغا سید باقر الحسينی، شیخ جواد حافظی اور شیخ زاہد زاہدی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
مقررین نے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت پیش کی اور امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو عالم اسلام کے عظیم رہبر اور مدبر قرار دیا۔
مقررین نے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی قیادت میں برپا انقلابِ اسلامی کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طاقت کو امت مسلمہ کیلئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے انقلابِ اسلامی کی مزید ترقی کیلئے دعا کی۔
مقررین نے انقلابِ اسلامی کے فلسطین کے تعلق سے دو ٹوک مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی کے بعد مسئلہ فلسطین دنیا پر واضح ہوا اور غاصب اسرائیل کے مظالم سے بھی پردہ اٹھ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ کبیر سید روح اللّٰہ موسوی خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی غاصب اسرائیل سے متعلق پیشگوئی عملی ہو رہی ہے اور عنقریب غاصب اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
آپ کا تبصرہ